ملیر میں دو افراد کے قاتلوں کو گرفتار نہ کرنے پر عوام کا احتجاج، نیشنل ہائی وے بند

نیشنل ہائی وے کے دونوں اطراف بند ہوگئے اور ٹریفک جام ہوگیا
شائع 26 نومبر 2023 03:18pm

ملیر سومار گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سےقتل ہونے والے دو افراد کے لواحقین اور اہل علاقہ نے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف نیشنل ہائی وے پر دھرنا دے دیا ہے، جس کے باعث دونوں اطراف کا ٹریفک معطل ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

رواں سال 30 ستمبر کو گلشن حدید کے علاقے ملیر سومار گوٹھ میں نامعلوم افراد نے اسٹیٹ ایجنسی پر فائرنگ کرکے 2 افراد کو قتل کردیا تھا۔ قتل ہونے والے افراد کی شناخت عطر جوکھیو اور زوار کھوکھر کے ناموں سے ہوئی تھی۔

2 ماہ گزر جانے کے باوجود عطر جوکھیو اور زوار کھوکھر کے قتل میں ملوث ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف سینکڑوں افراد نے نیشنل ہائی وے پر احتجاجی دھرنا دے دیا ہے۔

اس موقع پرپولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی پہنچ گئی، مظاہرین نے پولیس کی جانب سے قاتلوں کی گرفتار میں عدم دلچسپی پر شدید نعرے بازی کی۔

دوسری جانب احتجاجی مظاہرین کی جانب سے دھرنے کے باعث نیشنل ہائی وے کے دونوں اطراف بند ہوگئے اور ٹریفک جام ہوگیا، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

Read Comments