لاہور: تجاوزات کیخلاف آپریشن میں 141 افراد گرفتار، دکانیں و پلازے سیل

سیکڑوں کی تعداد میں تھڑے اور شیڈز مسمار کردیے گئے، ڈی سی لاہور رافعہ حیدر
شائع 20 دسمبر 2023 03:13pm

لاہور میں تجاوزات مافیا کو دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد گرینڈ آپریشن شروع ہو گیا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر تجاوزات کے خلاف حکومتی مشینری حرکت میں آ گئی اور مختلف علاقوں میں کریک ڈاون کے دوران 141 افراد کو گرفتار کر لیا۔

ضلعی انتظامیہ نے پولیس کے ہمراہ شاہدرہ موڑ، امامیہ کالونی اور ملتان روڈ سمیت دیگر علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جس میں 50 سے زائد پلازے اور دکانیں سیل کر دی گئیں۔

انتظامیہ کی جانب سے 13 سے زائد عارضی طور پر قائم تجاوزات مسمار اور سامان کے دو ٹرک بھی ضبط کر لیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔

Read Comments