Aaj Logo

شائع 21 دسمبر 2023 12:30pm

لاہور: موٹر سائیکل اور کار چوری و چھیننے کی وارداتوں میں 22 فیصد اضافہ

لاہور میں رواں سال جہاں دیگر جرائم میں اضافہ ہوا وہیں موٹر سائیکل اور کار چوری و چھیننے کی وارداتوں میں 22 تک کا بڑا فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

صوبائی دارالحکومت میں ہر گزرتے سال کے ساتھ چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، پولیس رواں برس بھی چوروں اور ڈاکوؤں کو نکیل ڈالنے میں ناکام نظر آئی۔

اعداد و شمار کے مطابق سال 2023 کے 11 ماہ میں موٹر سائیکل، گاڑیاں چوری اور چھیننے کی 31 ہزار 524 وارداتیں ہوئیں جبکہ 2022 میں اسی عرصے کے دوران 25 ہزار 693 وارداتیں رپورٹ ہوئی تھیں۔

رواں سال کار چوری کی 546، کار چھیننے کی 21، موٹر سائیکل چوری کی 27 ہزار 224 اور چھیننے کی 1514 وارداتیں منظر عام پر آئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں سال دیگر گاڑیاں چھیننے کی 2165 جب کہ 2022 میں 1756 وارداتیں رپورٹ ہوئی تھیں۔

اے وی ایل ایس حکام ان گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں میں سے صرف 30 فیصد ہی تلاش کر سکے جب کہ سیکڑوں شہری دفاتروں کے چکر لگاتے ہی رہ گئے۔

ایس ایس پی انوسٹی گیشن انوش مسعود کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ افراد کو پکڑنے اور لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پوری تندہی سے کام کر رہے ہیں۔

Read Comments