Aaj Logo

اپ ڈیٹ 22 دسمبر 2023 06:13pm

پارٹی کا انتخابی نشان پگڑی ہوگا، سیٹ ایڈجسمنٹ کھچڑی بن گئی، پرویز خٹک

پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے چیئرمین پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی کا انتخابی نشان فائنل ہوگیا ہم پگڑی کے انتخابی نشان پر الیکشن لڑیں گے پارٹی بھی رجسٹرڈ ہوگئی ہے۔

ملک میں الیکشن کی گہما گہمی شروع ہوتی جارہی ہے، خیبرپختونخوا میں بھی سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے، سیاسی قائدین سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور انتخابی اتحاد کے لئے کوششوں میں مصروف ہیں۔

الیکشن کے حوالے سے سربراہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین پرویز خٹک نے پشاور میں آج نیوز کے نمائندے شہاب الدین سے گفتگو میں بتایا کہ سب ہی جماعتیں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے کوششیں کررہی ہیں اور کچھ پتہ نہیں چل رہا کھچڑی پک گئی ہے۔

سیاسی جوڑ توڑ کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ میری بھی بات چیت چل رہی ہے، میں نے ضلع میں جو ہمارے سیاسی رہنماء الیکشن لڑ رہے ہیں انھیں بات چیت کا اختیار دیا ہے کیونکہ حلقے کی سیاست وہ زیادہ بہتر جانتے ہیں اوپر سے میں زیادہ ڈکٹیشن نہیں دینا چاہتا حقیقت مقامی الیکشن لڑنے والوں کو ہی پتہ ہے وہی بہتر فیصلہ کرسکتے ہیں اس کے بعد صورتحال سامنے آئے گی۔

پی ٹی آئی کے انتخابی نشان کے حوالے سے عدالتی فیصلے پر بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کا انتخابی نشان کا فیصلہ کرے گا، الیکشن کمیشن الگ اور خودمختار ادارہ ہے فیصلہ جلد سامنے آجائے گا۔

Read Comments