Aaj Logo

اپ ڈیٹ 22 دسمبر 2023 08:50pm

شہباز شریف نے این اے 132 قصور سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروادیے

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے قصور کے حلقہ این اے 132 سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے، ترجمان نون لیگ مریم اورنگزیب قومی اور پنجاب اسمبلی سے خواتین کی مخصوص نشست پر امیدوار ہوں گی جبکہ علیم خان این اے 119 لاہور اور بلاول بھٹو زرداری این اے 128 لاہور سے الیکشن لڑیں گے، پی ٹی آئی کے پابند سلاسل رہنماؤں کی جانب سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروائے جا رہے ہیں۔

عام انتخابات 2024 کے لیے ملک کے سیاسی رہنماؤں کی جانب سے الیکشن میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے، مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے این اے 132 قصور سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔

شہباز شریف کے لیے لاہور کے حلقے این اے 123 سے اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 158 اور پی پی 164 سے بھی کاغذات وصول کیے گئے تھے۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے قومی اور پنجاب اسمبلی سے خواتین کی مخصوص نشست پر کاغذات جمع کرادیے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس بار لاہور سے بھی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کے این اے 128 لاہور سے کاغذات نامزدگی 24 دسمبر کو جمع کروائے جانے کا امکان ہے، فیصلے پر پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے مٹھائی تقسیم کی۔

رہنما پیپلزپارٹی فیصل میر نے این اے 127 لاہور، حافظ غلام محی الدین نے پی پی 170 اور میاں مصباح الرحمان نے پی پی 169 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے۔

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر علیم خان نے این اے 119 لاہور اور پی پی 149 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے جبکہ عون چوہدری لاہور سے 2 قومی اور ایک صوبائی نشست پر قسمت آزمائیں گے۔

عون چوہدری نے این اے 124 اور این اے 127 کے علاوہ پی پی 163 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔

مراد راس نے پی پی 161 اور شعیب صدیقی نے پی پی 150 سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔

تحریک انصاف کے گرفتار رہنماؤں کی جانب سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروائے جا رہے ہیں۔ گرفتار پی ٹی آئی رہنما حافظ ذیشان رشید کے پی پی 149 لاہور اور میاں عباد فاروق کے پی پی 150 لاہور سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے۔

زرتاج گل نے قومی اسمبلی کی خواتین کی مخصوص نشست کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے جبکہ صنم جاوید قومی اور پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشست پر امیدوار ہوں گی۔

خواتین کی مخصوص نشستوں اور اقلیتوں کی نشستوں پر کاغذات کی تفصیلات جاری کردی گئی۔

مزید پڑھیں

الیکشن کمیشن نے امیدواروں کو تشہیری ہورڈنگز اتوار تک ہٹانے کی ڈیڈلائن دے دی

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 روز کی توسیع، وکلا اور روایتیسیاستدان مقابلے میں آگئے

قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر 106 امیدواروں جبکہ صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر363 خواتین امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

اقلیتوں کی نشستوں پر 93 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے، الیکشن کمیشن نے کاغذات جمع کروانے کی تاریخ میں 2 روز کی توسیع کردی، اب کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 24 دسمبر ہے جس کے بعد سکروٹنی کا عمل شروع کیا جائے گا۔

Read Comments