Aaj Logo

شائع 14 فروری 2024 12:47pm

پرویز الہٰی کی پرنسپل سیکرٹری تعینات کرنے کے مقدمے میں ضمانت منظور

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی محمد خان بھٹی کو غیر قانونی طور پر پرنسپل سیکرٹری تعینات کرنے کے مقدمے میں ضمانت منظور کر لی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور نے چوہدری پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت کی جبکہ پرویز الہٰی کی جانب سے ایڈوکیٹ عامر سعید راں عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ پرویز الہٰی کو غیر قانونی طور پر اس مقدمے میں نامزد کیا گیا، محمد خان بھٹی کو قواعد و ضوابط کے مطابق پرنس پرنسپل سیکرٹری تعیینات کیا گیا تھا۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ چوہدری پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت منظور کرے۔

دوران سماعت سرکاری وکیل عبد الصمد نے پرویز الہی کی درخواست ضمانت کی مخالفت کی۔

بعد ازاں عدالت نے دونوں اطراف کے فریقین کے دلائل سننے کے بعد چوہدری پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کرلی اور انہیں ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

Read Comments