Aaj Logo

شائع 14 فروری 2024 08:59pm

سانحہ 9 مئی : 30 روپوش ملزمان اشتہاری قرار، ایک خاتون کو 9 سال کی سزا

جناح ہاؤس میں جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، انسدادِ دہشت گردی عدالت نے نو مئی کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملوث 30 روپوش ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا۔ اے ٹی سی لاہور نے تھانہ شادمان نذرآتش کیس میں حسان نیازی ، حماد اظہر اور مراد سعید سمیت کچھ پی ٹی آئی رہنماؤں کی جائیداد قرقی کا حکم دے دیا۔ دوسری طرف بھکر میں خاتون کو نو مئی مقدمے میں 9 سال کی سزا سنا دی گئی۔

لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملوث 30 روپوش ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ سنایا۔

ملزمان میں طاہرہ یاسمین، عاصمہ ممتاز، رضوانہ غضنفر، حیات سکندر، وقاص احمد محسن، اویس خان، امجد پرویزعباسی ، راجا شاہ نواز اور دیگر شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پولیس نے ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی درخواست دائر کی تھی۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا تھا کہ ملزمان کے اشتہارات شائع ہوئے مگر ملزم پیش نہیں ہوئے، اور گرفتاری کے ڈر سے روپوش ہوچکے ہیں، ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جائے۔

جس کے بعد عدالت نے پولیس کی درخواست پر 30 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا۔

دوسری طرف بھکر میں سمیرا بی بی نامی خاتون کو 9 مئی مقدمے میں سزا سنا دی گئی۔

سمیرا بی بی کو 9 سال سزا سنائے جانے کے ساتھ ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

حسان نیازی، حماد اظہر اور مراد سعید سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کی جائیداد قرقی کا حکم

اے ٹی سی لاہور میں تھانہ شادمان نذرآتش کیس کی سماعت ہوئی۔ جج محمد نوید اقبال نے 7 اشتہاری ملزمان کی جائیداد قرقی کا حکم دے دیا۔

عدالت نے جن افراد کی جائیداد قرقی کا حکم دیا ان میں میاں اسلم اقبال، محمد زبیرخان نیازی، جمشید چیمہ، مسرت چیمہ، حسان نیازی، حماد اظہراور مراد سعید شامل ہیں۔

Read Comments