Aaj Logo

شائع 29 فروری 2024 02:58pm

انتخابات کی تاریخ کے اختیار کا کیس: ایڈووکیٹ اور اٹارنی جنرل لاہور ہائیکورٹ طلب

لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کی تاریخ دینے کے اختیار کے خلاف درخواست پر معاونت کے لیے ایڈووکیٹ جنرل اور اٹارنی جنرل کو طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے عام انتخابات کی تاریخ دینے کے اختیار کے خلاف میاں شبیر اسماعیل کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دیے۔

درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ آئین کے تحت الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار صدر پاکستان یا صوبائی گورنر کے پاس ہے، الیکشن کمیشن کے سیکشن 57 میں ترمیم کر کے تاریخ کا اختیار الیکشن کمیشن کو دے دیا گیا، الیکشن ایکٹ کے سیکشن 57 میں ترمیم آئین پاکستان سے متصادم ہے۔ عدالت الیکشن ایکٹ کے سیکشن 57 کو کلعدم قرار دے۔

عدالت نے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو معاونت کے لیے طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 5 مارچ تک ملتوی کر دی۔

Read Comments