Aaj Logo

شائع 22 مارچ 2024 03:14pm

لاہور میں نوجوان ہلاک، والدین نے پولیس کو ذمہ دار قرار دے دیا

لاہور کے تھانہ نواب ٹاؤن میں ایک نوجوان پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا۔ وقار کی والدہ کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے کو تھانہ نواب ٹاؤن میں تعینات اے ایس آئی نے قتل کیا ہے۔

وقار کے والد کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے کو پولیس اہلکار پہلے تھانہ نواب ٹاؤن مٰں تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔ پھر شناخت پریڈ کے لیے جیل بھیجا اور وہاں سے نکالنے کے بعد مار ڈالا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شناخت پریڈ سے نکالنے کے بعد وقار کو تھانہ نواب ٹاؤن کے حوالے کردیا گیا۔

وقار کی والدہ نے بتایا کہ وہ آج ہی تھانہ ٹاؤن شپ میں بیٹے کو کھانا کھلاکر آئی تھیں۔ اہلکاروں نے اسے قتل کرکے جناح اسپتال پہنچادیا۔ پولیس اہلکار بیٹے کو تشدد کا نشانہ بناکر اس کی موت سے متعلق کاغذات پر دستخط کرواتے رہے۔ والدہ کا کہنا ہے کہ ایس پی صدر آپریشنز سدرہ نے ان سے بدتمیزی بھی کی۔

اہل خانہ کا موقف ہے کہ وقار نے کھوکھر چوک پر احتجاج کرنے کی کوشش کی تھی۔ اہل خانہ نے بتایا کہ اے ایس آئی کامل نے ان پر تشدد کیا۔

وقار کے پس ماندگان نے پنجاب کی وزیر اعلیٰ، آئی جی پنجاب اور ڈی آئی جی آپریشنز سے انصاف یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انصاف نہ ملا تو احتجاج کریں گے۔

Read Comments