Aaj Logo

شائع 07 اپريل 2024 08:03am

برآمدات بڑھانا ہوں گی، معاشی نمو کیلئے ڈالر ضروری ہے، ڈالر ختم تو نمو ختم، وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ برآمدات بڑھانا ہوں گی، ملک میں معاشی نمو کیلئے ڈالر کا ہونا ضروری ہے، ڈالر ہوں تو باقی دنیا سے چیزیں خرید کر پاکستان لائیں اور اسے خرچ کریں، معاشی نمو بڑھ جائے گی۔ ڈالر ختم تو نمو ختم اور پھر آئی ایم ایف کی مدد مانگنی پڑ جائے گی۔

محمد اورنگزیب نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ موجودہ مالی بحران کو ایکسپورٹس میں اضافے سے حل کیا جا سکتا ہے، برآمدات بڑھانے کیلئے ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انھوں نے کہا کہ مشاورت سے کئے گئے صحیح فیصلوں سے سازگار ماحول فراہم کرکے ایکسپورٹ بڑھائی جاسکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر میڈیا نے نئے پروگرام پر بات چیت کیلئے رضامندی ظاہر کی ہے تاہم یہ سوال بھی اپنی جگہ ہے کہ نئے معاہدے کے بعد کیا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک آئی ایم ایف کے ساتھ نیا معاہدہ ہوجائے۔

Read Comments