سال 2023-24 میں کابینہ کی ذیلی کمیٹیوں کی کارکردگی کی تفصیلات سامنے آ گئیں
سال 2023-24 میں کابینہ کی ذیلی کمیٹیوں کی کارکردگی کی تفصیلات سامنے آ گئیں، قومی اقتصادی کونسل، ایکنیک، اقتصادی رابطہ کمیٹی، نجکاری کمیٹی اور توانائی کمیٹی نے متعدد اہم فیصلے کیے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق ان کمیٹیوں نے سال بھر میں درجنوں اجلاس منعقد کیے اور سینکڑوں اہم نوعیت کے فیصلے کیے۔
قومی اقتصادی کونسل (NEC)
دستاویزات کے مطابق قومی اقتصادی کونسل نے سال کے دوران دو اجلاس منعقد کیے جن میں مجموعی طور پر 10 فیصلے کیے گئے۔ یہ فیصلے ملک کی اقتصادی سمت، ترقیاتی منصوبوں اور بجٹ ترجیحات کے حوالے سے اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔
ایکنیک (ECNEC)
ایگزیکٹو کمیٹی آف نیشنل اکنامک کونسل یعنی ایکنیک نے سال بھر میں 9 اجلاس منعقد کیے جن میں کل 89 فیصلے کیے گئے۔ ان فیصلوں کا تعلق مختلف ترقیاتی منصوبوں، مالی منظوریوں اور بجٹ الاٹمنٹس سے تھا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC)
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سب سے زیادہ سرگرمی دکھاتے ہوئے 32 اجلاسوں میں مجموعی طور پر 276 فیصلے کیے۔ ان فیصلوں میں گندم، چینی، تیل اور دیگر اشیائے ضروریہ کی درآمد، سبسڈی، اور مالیاتی پالیسیوں سے متعلق معاملات شامل تھے۔
نجکاری کمیٹی
نجکاری سے متعلق کابینہ کمیٹی نے سال 2023-24 میں 6 اجلاس کیے جن میں 16 فیصلے کیے گئے۔ ان فیصلوں میں مختلف سرکاری اداروں کی نجکاری سے متعلق پالیسی اقدامات شامل تھے۔
کابینہ کمیٹی برائے توانائی
توانائی سے متعلق کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے بھی سال بھر میں 6 اجلاس منعقد کیے جن میں 28 اہم فیصلے کیے گئے۔ ان میں بجلی کی پیداوار، ترسیل اور توانائی منصوبوں سے متعلق حکمت عملی شامل رہی۔