شائع 08 دسمبر 2025 11:38am

سی ٹی ڈی پنجاب کی کارروائی: بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے منسلک 12 دہشت گرد گرفتار

کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب کی بروقت کارروائی کی بدولت لاہور، فیصل آباد اور بہاولپور بڑی تباہی سے بچ گئے ہیں۔ سی ٹی ڈی پنجاب نے بھارتی خفیہ ایجنسی را سے تعلق کے الزام میں 12 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، آئی ای ڈی بم، نقدی، موبائل فونز اور 102 فٹ حفاظتی فیوز وائر برآمد کی گئی۔ مجموعی طور پر 7 آئی ای ڈی بم اور 2 ڈیٹونیٹر ضبط کیے گئے ہیں۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان کے پاس سے حساس دہشت گردوں، حساس اداروں، ایک مدرسے اور ایک میلے کی تصاویر، ویڈیوز اور لوکیشن ڈیٹا بھی برآمد ہوا، جو ممکنہ طور پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال ہونا تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ لاہور سے گرفتار کیے گئے میں سکھ دیپ سنگھ، عظمت، فیضان، نبیل، ابرار، عثمان اور سرفراز شامل ہیں، جبکہ فیصل آباد سے دانش کو حراست میں لیا گیا۔ بہاولپور سے گرفتار افراد میں رجب، ہاشم، ثاقب اور عارف شامل ہیں۔

قلات میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن: 12 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد ہلاک

سی ٹی ڈی کے مطابق سکھ دیپ سنگھ پیدائشی مسیحی تھا جس نے کچھ عرصہ قبل اپنا مذہب تبدیل کیا۔ تمام گرفتار ملزمان کو بھارتی خفیہ ایجنسی را کی جانب سے بھاری فنڈنگ بھی فراہم کی جا رہی تھی۔

ترجمان نے بتایا کہ ان دہشت گردوں کی گرفتاری میں بھارت سے چلائی جانے والی ایک عادل نامی فیس بک آئی ڈی کی نشاندہی نے اہم کردار ادا کیا، جو مبینہ طور پر را کی معاونت کر رہی تھی۔

سی ٹی ڈی پنجاب کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان پنجاب میں خوف و ہراس پھیلانے اور مذہبی منافرت بھڑکانے کا منصوبہ رکھتے تھے۔

سی ٹی ڈی پنجاب نے مزید بتایا کہ فتنہ الہندوستان کے گرفتار دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

Read Comments