اپ ڈیٹ 17 دسمبر 2025 05:59pm

سڈنی واقعے میں ملوث بھارتی حملہ آوروں کے پاسپورٹ منظرِ عام پر

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ہونے والے حالیہ حملے کے معاملے میں ایک نیا رخ سامنے آیا ہے، جہاں دونوں حملہ آور ساجد اکرم اور نوید اکرم سے منسوب پاسپورٹس منظر عام پر آگئے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق ساجد اکرم کا پاسپورٹ بھارتی ایمبیسی کی جانب سے 24 فروری 2022 کو دس سال کی مدت کے لیے جاری کیا گیا تھا۔

ان دستاویزات کے سامنے آنے کے بعد یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ بھارتی حکام کو ابتدا ہی سے حملہ آور کی بھارتی شہریت کا علم تھا۔

ذرائع کے مطابق الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ بھارتی حکام نے جان بوجھ کر اس حقیقت کو چھپائے رکھا، جس کے نتیجے میں میڈیا کو پاکستان پر الزامات عائد کرنے کے لیے وقت مل گیا۔

اس دوران بھارتی میڈیا پر ایسی رپورٹس اور تبصرے سامنے آئے جن میں حملہ آور کو پاکستانی قرار دینے کی کوشش کی گئی۔

ناقدین کے مطابق یہ گمراہ کن پروپیگنڈا پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

یہ معاملہ اس پس منظر میں بھی زیر بحث آ رہا ہے کہ برطانوی اخبار دی گارڈین کی ایک رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا نے سال 2020 میں بھارتی خفیہ ایجنسی “را” سے وابستہ دو اہلکاروں کو ملک بدر کیا تھا۔

آسٹریلوی خفیہ اداروں نے اس اقدام کو “جاسوسوں کا گٹھ جوڑ” قرار دیا تھا۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ اس وقت نکالے گئے بھارتی ایجنٹس آسٹریلیا میں مقیم بھارتی افراد کی پروفائلنگ میں ملوث تھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سڈنی حملے میں ملوث دونوں افراد کے بھارت کی خفیہ ایجنسی “را” سے روابط ہونے کے امکانات کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا، تاہم اس حوالے سے حتمی رائے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آ سکے گی۔

دوسری جانب متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال ان دعوؤں پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ آسٹریلوی حکام کی تحقیقات جاری ہیں اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

Read Comments