اپ ڈیٹ 30 دسمبر 2025 02:35pm

ایچ آئی وی ایڈز نے خیبرپختونخوا میں پنجے گاڑ دیے: رواں سال 1276 نئے کیسز رجسٹر

خیبرپختونخوا میں ایچ آئی وی (ایڈز) کے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

صوبائی ایچ آئی وی کنٹرول پروگرام کے مطابق، رواں سال 1,276 نئے کیسز رجسٹر ہوئے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر صوبے میں 39,702 افراد ایچ آئی وی سے متاثر ہیں۔ تاہم، ان میں سے اکثریت اپنے مرض سے لاعلم ہے۔

صوبے کی ساڑھے چار کروڑ سے زائد آبادی کے لیے صرف تیرہ ایچ آئی وی سینٹرز دستیاب ہیں، جس سے مریضوں کو طبی سہولیات تک رسائی محدود رہتی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق، صوبے میں رجسٹرڈ 9,807 کیسز موجود ہیں، جن میں سے پشاور 1,877 کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ بنوں: 988 کیسز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

صوبے میں 6,448 مرد جبکہ 2,119 خواتین ایڈز میں مبتلا ہیں۔ علاوہ ازیں، 197 خواجہ سرا ، 258 بچے اور 187 بچیاں بھی ایچ آئی وی پازیٹیو پائی گئی ہیں۔

ڈاکٹر جلال خان نے اس حوالے سے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں ایچ آئی وی کے کیسز میں اضافہ تشویشناک ہے، تاہم تحصیل سطح کے طبی مراکز میں ایچ آئی وی کی سکریننگ کی سہولت سے بروقت شناخت ممکن ہے اور اس سے بیماری کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پشاور کے صرف دو بڑے ہسپتالوں میں رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 4,500 سے زائد تک پہنچ جانا ایک لمحہ فکریہ ہے، جس سے صوبے میں صحت عامہ کے خطرات واضح ہو رہے ہیں۔


Read Comments