شائع 01 جنوری 2026 11:21am

لاہور: نیو ایئرنائٹ پر ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کرنے والے 65 افراد گرفتار

لاہور پولیس نے نیو ایئر نائٹ کے دوران ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں مختلف علاقوں سے 65 افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کی گئیں، جبکہ آتش بازی کرنے پر متعدد مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق نیو ایئر نائٹ پر شہر کے مختلف علاقوں میں کی جانے والی کارروائیوں کے دوران ہوائی فائرنگ میں ملوث 29 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ان کے قبضے سے تین رائفلیں، تین پمپ ایکشن اور 23 پستول کے ساتھ سینکڑوں گولیاں برآمد کی گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ قبضے میں لیا گیا تمام اسلحہ ریکارڈ کے مطابق چیک کیا جا رہا ہے۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ون ویلنگ، ناجائز اسلحہ رکھنے اور ہوائی فائرنگ کرنے پر مجموعی طور پر 65 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ ڈیفنس اے، ڈیفنس بی اور فیکٹری ایریا سے 16، جبکہ جنوبی چھاؤنی، شمالی چھاؤنی اور مصطفیٰ آباد سے 9 افراد گرفتار کیے گئے۔ باغبانپورہ اور غازی آباد سے 4، جبکہ مناواں، باٹا پور، برکی اور ہئیر کے علاقوں سے 7 ملزمان پکڑے گئے۔ گجرپورہ اور گڑھی شاہو سے بھی متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ آتش بازی کے واقعات پر 9 مقدمات درج کیے گئے ہیں، جبکہ گرفتار افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں قانونی کارروائی جاری ہے۔ حکام کے مطابق شہریوں کے تحفظ اور سڑکوں پر خطرناک سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے آئندہ بھی اسی نوعیت کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جشن کے موقع پر قانون شکنی سے گریز کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا ہوائی فائرنگ کی اطلاع فوراً پولیس کنٹرول پر دیں، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

Read Comments