شائع 01 جنوری 2026 06:28pm

لاڑکانہ: پولیس اہلکار نے سرِعام فائرنگ کرکے شہری کی جان لے لی

لاڑکانہ میں پولیس اہلکار نے تشدد اور فائرنگ کر کے شہری کی جان لے لی۔ پولیس نے ابتدائی طور پر واقعے کو پولیس مقابلہ اور ہلاک شخص کو ڈکیت قرار دیا ہے۔

لاڑکانہ میں پیش آنے والے اس اندوہناک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ جس میں شہری کو سڑک پر تڑپتے ہوئے ہاتھ جوڑ کر فائرنگ نہ کرنے کی اپیل کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

زخمی شخص کے بار بار اپیل کرنے کے باوجود پولیس اہلکار نے تشدد جاری رکھا اور فائرنگ بھی کی۔

پولیس نے ہلاک شخص کو ملزم قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ علی گل کلہوڑو نامی شخص پولیس مقابلے میں ہلاک ہوا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ اہلکار اور مقتول کے درمیان ذاتی جھگڑے کا نتیجہ تھا۔

ایس ایس پی لاڑکانہ احمد چوہدری نے آج نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد نوٹس لیا جس کے بعد تھانہ حیدری میں تعینات اہلکار عرض محمد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ایس ایس پی لاڑکانہ کا کہنا تھا کہ گرفتار اہلکار سے تفتیش جاری ہے اور واقعے کے حوالے سے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جائیں گی۔

ایس ایس پی احمد چوہدری نے اہلکار کو پولیس کے لیے بدنامی کا باعث قرار دیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہلاک شخص علی گل نے پولیس مقابلے کے دوران اہلکار کو زخمی کیا، جس کے بعد زخمی اہلکار کے بھائی نے غصے آکر انتہائی قدم اٹھایا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار اہلکار سے تفتیش جاری ہے۔ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Read Comments