شائع 11 جنوری 2026 02:50pm

نو مئی واقعات: ویڈیوز میں سہیل آفریدی کی موجودگی کی تصدیق

پشاور میں نو مئی کے واقعات سے متعلق ویڈیوز کی تصدیق کے لیے پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری نے اپنی تفصیلی رپورٹ مکمل کر لی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زیرِ تجزیہ ویڈیوز میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سمیت کامران بنگش، تیمور جھگڑا اور عرفان سلیم کی موجودگی کی تصدیق ہو گئی ہے۔

یہ رپورٹ انسداد دہشت گردی عدالت کی ہدایت پر تیار کی گئی ہے، جس نے ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں پولیس سے فرانزک تجزیے کی رپورٹ طلب کی تھی۔

پولیس کے مطابق نو مئی کے واقعات سے متعلق 16 ویڈیوز ایک یو ایس بی کے ذریعے پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری بھجوائی گئی تھیں، جہاں ان ویڈیوز کا فریم بہ فریم تکنیکی اور بصری جائزہ لیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متعدد ویڈیوز میں کسی قسم کی ایڈیٹنگ یا ردوبدل کے شواہد نہیں ملے، تاہم چند ویڈیوز میں لوگو اور تحریری متن کے اضافے کی نشاندہی کی گئی ہے۔

فرانزک رپورٹ کے مطابق سہیل آفریدی اور عرفان سلیم سے متعلق دو ویڈیوز میں کلپس جوڑنے کے آثار سامنے آئے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ ماہرین نے ویڈیوز میں نظر آنے والے افراد کی شناخت کے لیے ان کی سوشل میڈیا پروفائل تصاویر کا تقابلی جائزہ بھی لیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سہیل آفریدی کی پروفائل تصویر کو نو مئی کی ویڈیوز میں موجود شخص سے ملا کر دیکھا گیا، جس کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ دونوں ایک ہی فرد ہیں۔

اسی طرح عرفان سلیم، کامران بنگش اور تیمور جھگڑا کی پروفائل تصاویر اور ویڈیوز میں نظر آنے والے افراد کے درمیان بھی مطابقت پائی گئی۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ تمام تجزیہ صرف ویژول مواد تک محدود رکھا گیا اور کسی قسم کے آڈیو یا دیگر شواہد کو اس میں شامل نہیں کیا گیا۔

فرانزک رپورٹ کی تیاری کا عمل 19 دسمبر سے 23 دسمبر 2025 کے دوران مکمل کیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ عدالت میں پیش کر دی جائے گی۔

Read Comments