شائع 13 جنوری 2026 07:05pm

لاہور: خاندان کے 5 افراد کی مبینہ پولیس مقابلوں میں ہلاکت پر تحقیقات شروع

پنجاب پولیس کے کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے مبینہ مقابلوں میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی ہلاکت کے معاملے پر تحقیقات کا آغاز ہوگیا۔

ڈی آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ نے معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔ ذرائع کے مطابق سہیل ظفر چٹھہ معاملے کی تحقیقات خود کریں گے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مبینہ مقابلوں میں مارے گئے افراد کو کو سی سی ڈی نے ساہیوال اور بہاولپور سے گرفتار کیا تھا اور پانچوں افراد کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ بھی نہیں تھا۔

پانچوں افراد 29 ستمبر کو مبینہ پولیس مقابلوں میں مارے گئے، جن کی لاشیں مختلف شہروں حافظ آباد، گوجرانوالہ، چنیوٹ سمیت دیگر مقامات سے ملی تھیں۔

مبینہ مقابلوں میں مارے جانے والوں میں تین سگے بھائی عمران، عرفان اور عدنان، بہنوئی حسن جہانگیر اور ایک قریبی رشتہ دارشامل تھا۔ تین بھائیوں کی والدہ زبیدہ بی بی نے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کو درخواست دے رکھی تھی۔

دوسری جانب ریجنل آفیسر سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ معاملے کی شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے سی سی ڈی کی اعلیٰ سطح انکوائری جاری ہے، جس میں ایک اعلیٰ افسر کی قیادت میں واقعے کے تمام پہلوؤں سے متعلق تحقیقات کی جائیں گی۔

Read Comments