شائع 20 جنوری 2026 01:59pm

اکشے کمار کے سیکیورٹی قافلے کی گاڑی حادثے کا شکار

ممبئی کے علاقے جوہو میں پیر کی رات بولی وُڈ اداکار اکشے کمار کے سیکیورٹی قافلے میں شامل ایک گاڑی مبینہ طور پر حادثے کا شکار ہو گئی۔

پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ پیر کی رات تقریباً ساڑھے آٹھ سے نو بجے کے درمیان مکتی شاور روڈ، جوہو کے قریب پیش آیا۔

اطلاعات کے مطابق ایک تیز رفتار مرسڈیز کار نے آٹو رکشہ کو ٹکر ماری، جس کے بعد آٹو قریبی گاڑی سے جا ٹکرایا جو اکشے کمار کے قافلے کا حصہ تھی۔

حادثے کے بعد کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، جن میں آٹو رکشہ کو بری طرح تباہ شدہ اور ایک کار کو الٹا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ مقامی لوگوں اور راہگیروں نے فوری طور پر زخمیوں کی مدد کی جبکہ پولیس اور فائر بریگیڈ نے گاڑی کو سیدھا کرنے میں مدد کی۔

حادثے میں زخمی ہونے والے آٹو رکشہ ڈرائیور کو اسپتال لے جایا گیا۔ اے این آئی کے مطابق ڈرائیور کے بھائی نے بتایا کہ اس کی حالت سنگین ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رکشہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے اور اپیل کی ہے کہ زخمی کو مکمل اور بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں، ضروری ادویات دی جائیں اور رکشہ کے نقصان کا معاوضہ ادا کیا جائے۔

جوہو پولیس نے مرسڈیز کار کے ڈرائیور کے خلاف تیز رفتاری اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید جانچ کی جا رہی ہے تاکہ تمام حقائق سامنے آ سکیں۔

پولیس نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ حادثے کے وقت اکشے کمار یا ان کے خاندان کا کوئی فرد گاڑی میں موجود نہیں تھا۔ اس کار میں صرف سیکیورٹی عملہ سوار تھا۔

رپورٹس کے مطابق یہ قافلہ اکشے کمار کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ کو بیرون ملک سفر کے بعد ایئرپورٹ سے گھر لے جا رہا تھا۔ اس واقعے پر اب تک اکشے کمار یا ٹوئنکل کھنہ کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ اکشے کمار دیگر کئی بولی وُڈ اداکاروں کی طرح ذاتی سیکیورٹی رکھتے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق انہیں مخصوص سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر حفاظتی انتظامات فراہم کیے گئے ہیں۔ اکشے کمار کو حال ہی میں ممبئی کے بلدیاتی انتخابات کے دوران ووٹ ڈالتے وقت بھی سیکیورٹی کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔

Read Comments