راؤ عبدالکریم آئی جی پنجاب تعینات، عثمان انور کو ڈی جی ایف آئی اے بنانے کا فیصلہ
انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس (آئی جی پی) ڈاکٹر عثمان انور کو تبدیل کرکے راؤ عبدالکریم کو نیا آئی جی پنجاب تعینات کر دیا گیا ہے جب کہ عثمان انور کو ڈی جی ایف آئی اے لگائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع پنجاب حکومت کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو تبدیل کر دیا گیا ہے، ڈاکٹر عثمان انور کو ہٹائے جانے کے بعد راؤ عبدالکریم کو نیا آئی جی پنجاب تعینات کیا گیا ہے۔
راؤ عبدالکریم کو آئی جی پنجاب پولیس لگانے کے لیے وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد راؤعبدالکریم کو آئی جی پنجاب پولیس تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن رات گئے جاری کر دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے اہم انتظامی تبدیلیوں پر غور کیا جا رہا ہے جس کے تحت موجودہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور ڈی جی ایف آئی اے یا سیکرٹری داخلہ لگائے جانے کا بھی امکان ہے۔
عثمان انور کے پاس ایف آئی اے میں کام کرنے کا وسیع تجربہ موجود ہے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر عثمان انور کو جنوری 2023 میں آئی جی پنجاب تعینات کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال کے نام بھی آئی جی پنجاب کی دوڑ میں شامل تھے۔
مختصر تعارف
ایڈیشنل آئی جی راو عبدالکریم کا تعلق پنجاب پولیس کے 24 ویں کامن سے ہے، انہوں نے 1996 میں بطور اے ایس پی پولیس سروس کو جوائن گیا۔
راؤ عبدالکریم ڈی پی او جھنگ، ڈی پی او میانوالی اور ڈی پی او قصور تعینات رہ چکے ہیں جب کہ آر پی او گوجرانوالہ بھی بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔ دوران سروس راؤ عبدالکریم ایڈیشنل آئی جی پپٹرولنگ پولیس ا ور بطور آئی جی پنجاب تعیناتی سے پہلے ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ تعینات تھے۔