ڈی آئی خان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار شہید
خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایس ایچ او فہیم ممتاز مروت سمیت 5 اہلکار شہید اور ڈی ایس پی پہاڑ پور سرکل عدنان شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ دوسری طرف بنوں میں بھی پولیس پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا، جوابی کارروائی 3 دہشت گرد ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے ہیں۔
بدھ کے روز ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک بار پھر دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے، دہشت گردی کا واقعہ وانڈہ بڈھ میں پیش آیا ہے، جہاں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایس ایچ او فہیم ممتاز مروت سمیت 5 اہلکار جام شہادت نوش کرگئے۔
دہشت گردوں کی فائرنگ سے ڈی ایس پی پہاڑ پور سرکل عدنان شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جب کہ واقعے کے بعد سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔
بنوں میں پولیس پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، 3 دہشت گرد ہلاک
دوسری جانب بنوں میں پولیس نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس پوسٹ خونیہ خیل پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا تاہم پولیس کے جوانوں نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے 3 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا جب کہ 9 زخمی ہوئے گئے۔ مارنے جانے والے دہشت گردوں میں کمانڈر عمر اعظم عرف خزمتی اور شاہد اللہ بھی شامل ہے۔
ڈی آئی جی کی ہدایات پر اضافی نفری کیو آر ایف اور آر آر ایف بھی موقع پر پہنچ گئی، مقابلے میں ایک پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوا، جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
اسی طرح احمد زئی اور فتح خیل پولیس تنصیبات پر بھی حملے ناکام بنا دیے گئے جب کہ بھرپور جوابی کارروائی پر دہشت گرد فرار ہو گئے۔