پنجاب کے مختلف شہروں میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں، 26 دہشت گرد گرفتار
پنجاب کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے صوبے بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی اوز) کرتے ہوئے 26 دہشت گردوں کا گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی پنجاب کے مختلف شہروں میں ایک ماہ کے دوران 286 آئی بی اوز کیے گئے۔
ان شہروں میں لاہور، گوجرانوالہ، ساہیوال، خوشاب، میانوالی، بھکر، فیصل آباد، جھنگ، چکوال، راجن پور، نارووال، پاک پتن، سرگودھا شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق، لاہور سے القاعدہ کا ایک اور سرگودھا سے فتنہ الخوارج کے چار خطرناک دہشت گرد پکڑے گئے۔ دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، تین آئی ای ڈی بم، 19 ڈیٹونیٹرز، 34 فٹ حفاظتی فیوز وائر، پمفلٹ، نقدی اور پرائمہ کارڈ برآمد کیے گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ان میں سے کچھ دہشت گردوں کی شناخت عرفان، ضامن علی، مجاہد علی، فیصل، شیراز، نعمت اللہ، اسامہ، غلام یاسین، یاسر، عمران وغیرہ کے نام سے ہوئی۔
دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائی کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے، ایک ماہ کے دوران 4662 کومبنگ آپریشنز کے دوران538 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ دہشتگرد مختلف مقامات پر کارروائیاں کر کے خوف و ہراس پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم بروقت انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی کارروائیوں سے بڑے سانحات کو ٹال دیا گیا۔
سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں مستقبل میں بھی اسی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی، سی ٹی ڈی دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔