ورک فرام ہوم، سرکاری گاڑیوں کے فیول الاؤنس میں کمی: خیبرپختونخوا میں پیٹرول کی قلت پر بڑے فیصلے

خیبرپختونخوا کابینہ کے اجلاس میں بین الاقوامی صورت حال کے تناظر میں اہم فیصلے کرلیے گئے۔
شائع 09 مارچ 2026 04:06pm

پشاور میں خیبرپختونخوا کابینہ کے اجلاس میں بین الاقوامی صورت حال کے تناظر میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ صوبائی کابینہ نے فیول کنزرویشن اور رسپانسبل گورننس انیشی ایٹو کی منظوری دیتے ہوئے سرکاری اخراجات میں کمی اور ایندھن کی بچت کے متعدد اقدامات کی منظوری دے دی۔

وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان کے مطابق اجلاس میں صوبے میں فیول بچت اقدامات نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبائی کابینہ کے فیصلے کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایات پر دو ماہ کے لیے فیول بچت اقدامات نافذ کیے جائیں گے جب کہ ان اقدامات میں توسیع صورت حال کے تجزیے کے بعد کی جائے گی۔

اجلاس میں سرکاری محکموں میں میٹنگز کو 100 فیصد ورچوئل (آن لائن) کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ سرکاری گاڑیوں کے فیول الاونس میں مزید 25 فیصد کمی کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

شفیع جان کے مطابق اس فیصلے کے بعد مجموعی کٹوتی 50 فیصد تک پہنچ گئی ہے کیوں کہ 25 فیصد کمی پہلے ہی کووڈ اقدامات کے دوران نافذ کی جا چکی تھی۔ وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے واضح کیا کہ پولیس، ریسکیو اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فیول کٹوتی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

کابینہ اجلاس میں سرکاری دفاتر میں 50 فیصد ورک فرام ہوم پالیسی متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا جب کہ وی آئی پی پروٹوکول گاڑیوں اور سرکاری ہیلی کاپٹر کے غیر ضروری استعمال میں نمایاں کمی لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری اخراجات میں کفایت شعاری کے تحت غیر ضروری تقریبات اور سرکاری ڈنرز پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

اجلاس میں جمعہ کے روز تعلیمی ادارے بند رکھنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا تاکہ فیول کے استعمال میں کمی لائی جا سکے جب کہ اس کے ساتھ ورچوئل کلاسز کو ترجیح دینے کی تجویز دی گئی۔

شفیع جان کے مطابق پیٹرول پمپس کی روزانہ مانیٹرنگ کی جائے گی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جب کہ صوبائی حکومت نے کسانوں اور گندم کی کٹائی کے لیے ڈیزل کی فراہمی یقینی بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

وزیراطلاعات خیبرپختونخوا کے مطابق حکومت عوام پر اضافی بوجھ ڈالے بغیر فیول بچت اور معیشت کے تحفظ کی پالیسی پر عملدرآمد کرے گی۔

Read Comments