عوام پر مہنگائی کا بم گرانے کی تیاری، بجلی کی قیمت میں اضافے کا امکان

اضافے کا اطلاق کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر ہوگا
شائع 31 مارچ 2026 11:15am

ملک بھر کے عوام پر مہنگائی کے ایک اور بڑے بوجھ کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جہاں بجلی کی قیمت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک ماہ کے لیے ایک روپے 64 پیسے فی یونٹ مہنگی کیے جانے کی درخواست دائر کی گئی ہے، جس پر آج سماعت ہوگی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اگر اس اضافے کی منظوری دی گئی تو صارفین پر 14 ارب روپے سے زائد کا اضافی مالی بوجھ پڑے گا، جس سے پہلے ہی مہنگائی کے شکار عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

۔

اس مجوزہ اضافے کا اطلاق کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر ہوگا۔

واضح رہے کہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمتوں میں رد و بدل ماہانہ بنیادوں پر کیا جاتا ہے، جس کا مقصد عالمی ایندھن قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کو صارفین تک منتقل کرنا ہوتا ہے۔

تاہم حالیہ ممکنہ اضافہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عوام پہلے ہی مہنگائی کے شدید دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔

Read Comments