خیرپور : جرگے کے حکم پر خاتون قتل
خیر پور میں میں سیاہ کاری کے الزام پر جرگے کے حکم کے بعد ایک خاتون کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آ گئی۔
پولیس کے مطابق 10 اپریل کو ٹنڈو مستی کے قریب خاتون خالدہ چانڈیو کو مبینہ طور پر جرگے کے فیصلے کے تحت قتل کیا گیا۔
واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور سوشل میڈیا پر بھی شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ 4 افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے، جن میں سے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب ترقی نسواں سندھ شاہینہ شیر علی نے خیرپورمیں نام نہاد غیرت کے نام پر خاتون کے قتل کا نوٹس لے لیا ہے۔ شاہینہ شیرعلی نے کہا کہ غیرت کے نام پر خاتون کو بے دردی سے قتل کیا جانا انتہائی افسوسناک و قابل مذمت ہے، افسوسناک واقعے میں علاقہ مکینوں کی جانب سے خاموش تماشائی کا کردار بھی قابل افسوس ہے۔
شاہینہ شیر علی نے ڈی آئی جی سکھر سے واقعے سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی، کہا واقعے میں ملوث مجرم کسی رعایت کے مستحق نہیں، سخت کاروائی کی جائے، حکومت سندھ نے خواتین کے فوری تحفظ کے لیے سیف ہاؤسز و دارالامان قائم کیے ہیں، گھریلو و صنفی تشدد کی شکار خواتین خود کو تنہا نہ سمجھیں، مزید تحقیقات جاری ہیں اور واقعے میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔