پی ایس ایل 11: راولپنڈیز کو ہرا کر حیدرآباد کنگز میں پلے آف میں پہنچ گئی، لاہور قلندرز باہر
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں حیدرآباد کنگز مین نے راولپنڈیز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 108 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے، جس کے بعد دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز ایونٹ سے باہر ہوگئی ہے۔
اتوار کے روز کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے 11 ویں سیزن کے 39 ویں میچ میں حیدر آباد کنگز مین کے 245 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں راولپنڈیز کی پوری ٹیم 136 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
حیدر آباد کی بیٹنگ
راولپنڈیز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگز مین کے بلے بازوں نے گراؤنڈ میں رنز کی بارش کرتے ہوئے راولپنڈیز کے خلاف 244 رنز کا ہمالیہ جیسا مجموعہ کھڑا کردیا۔ کنگز مین کے بلے بازوں، خصوصاً عثمان خان اور گلین میکسویل نے راولپنڈیز کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور چوکے چھکوں کی برسات کردی۔
حیدرآباد کنگز مین کی اننگز کا آغاز اگرچہ کپتان مارنس لیبوشین کی جلد وکٹ گرنے سے ہوا لیکن اس کے بعد عثمان خان اور معاذ صداقت نے جارحانہ انداز اپنایا۔ عثمان خان نے محض 26 گیندوں پر 54 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے شامل تھے۔
صائم ایوب نے بھی 6 گیندوں پر 12 رنز بنائے لیکن میچ کا پانسہ گلین میکسویل اور کوسل پریرا کی جوڑی نے پلٹا۔ میکسویل نے روایتی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 70 رنز داغ دیے جب کہ کوسل پریرا 30 گیندوں پر 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ اننگز کے اختتام پر حسن خان نے بھی 4 گیندوں پر 16 رنز بنا کر اسکور 244 تک پہنچا دیا۔
راولپنڈیز کی جانب سے سعد مسعود 2 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے جب کہ آصف آفریدی، بین سیئرس اور عماد بٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس کے علاوہ محمد عامر 4 اوورز میں 57 رنز دے کر خاصے مہنگے ثابت ہوئے۔
راولپنڈیز کی بیٹنگ
حیدر آباد کے 245 رنز کے ہدف کے تعاقب میں راولپنڈیز کی اننگز شروع سے ہی لڑکھڑا گئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ راولپنڈیز کی جانب سے عثمان خواجہ نے بھرپور مزاحمت کی اور وہ 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے لیکن ان کا ساتھ کوئی نہ دے سکا اور راولپنڈیز کی وکٹیں پتوں کی طرح بکھرگئیں۔ اس کے علاوہ کپتان محمد رضوان 26 اور سیم بلنگز 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے حنین شاہ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف 22 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جب کہ عاکف جاوید نے 38 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔
اس طرح حیدرآباد کی تباہ کن بولنگ نے راولپنڈیز کی بیٹنگ لائن تباہ کر دی، 245 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری ٹیم 17.1 اوورز میں 136 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور یوں 108 رنز کے بڑے مارجن سے فتح کے بعد پہلی بار پی ایس ایل کھیلنے والی حیدرآباد کنگز مین کی ٹیم نے بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر لاہور قلندرز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پلے آف مرحلے میں جگہ بنا لی۔
اس فتح کے ساتھ ہی پی ایس ایل کے رواں سیزن کی پلے آف لائن اپ مکمل ہو گئی اور حیدرآباد کنگزمین پلے آف میں جانے والی چوتھی ٹیم بن گئی۔
پی ایس ایل میں پلے آف میں جانے والی تین ٹیموں کا فیصلہ ہو چکا ہے، جن میں پشاور زلمی، اسلام آبا یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز شامل ہیں۔
خیال رہے کہ حیدرآباد کنگزمین کو پلے آف تک رسائی کے لیے راولپنڈیز کو 158 رنز تک روکنا تھا جب کہ حیدر آباد کنگز مین کے پلے آف میں پہنچنے کے باعث دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز ایونٹ سے باہر ہوگئی ہے۔