بنوں پولیس چوکی حملے میں 15 پولیس اہلکاروں کی شہادت، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی مذمت
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے گذشتہ رات بنوں میں پولیس چوکی پر ہوئے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں رات گئے دہشت گردوں نے پولیس چوکی فتح خیل پر حملہ کیا اور بارود سے بھری گاڑی چوکی سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں 15 پولیس اہلکار شہید اور 3 زخمی ہو گئے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق شہدا میں رحمت ایاز، ثناء اللہ، نیاز علی، سعداللہ اور دیگر شامل ہیں، جبکہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملہ اتنا شدید تھا کہ دھماکے کی زد میں آکر پولیس چوکی مکمل طور پر زمین بوس ہو گئی۔
واقعے کے فوری بعد پولیس کی اضافی نفری اور ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ملبہ ہٹانے اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا، جبکہ تمام شہدا اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس افسوسناک واقعے پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
وزیراعظم نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے وفاقی حکومت تمام صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم پر قائم ہے اور اس جنگ میں پاک افواج، سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی واقعے پر گہرے رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے 15 بہادر سپوتوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کیا۔
محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ مٹی کے ان بہادر بیٹوں نے پاکستان کے عوام کی حفاظت اور امن کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کیں، ان کی بہادری اور قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور ایسے بزدلانہ اقدامات ہمارے عزم کو کبھی کمزور نہیں کر سکتے۔
ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے خود سرچ آپریشن کی نگرانی کی اور انہوں نے اس موقع پر پولیس کے بلند حوصلوں کا ذکر کیا۔
ڈی آئی جی سجاد خان کا کہنا تھا کہ بنوں پولیس کے حوصلے بلند ہیں اور دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے سخت لہجے میں خبردار کیا کہ بنوں پولیس دہشت گردوں کو چن چن کر ان کے انجام تک پہنچائے گی اور علاقے سے ان کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا، حملہ آوروں کو اس بزدلانہ کارروائی کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔