ڈھاکا ٹیسٹ: پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 386 رنز پر ڈھیر، بنگلا دیش کی پوزیشن مستحکم

قومی ٹیم کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے اوپنر اذان اویس نے کیریئر کی پہلی ٹیسٹ سنچری بنائی
شائع 10 مئ 2026 06:39pm

بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں کھیل کے تیسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم 386 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جب کہ میزبان ٹیم 27 رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ڈھاکا ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل خراب روشنی کے باعث کھیل قبل از وقت ختم کر دیا گیا۔ بنگلا دیش نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان 7 رنز بنا لیے۔

تیسرے روز پاکستان نے 179 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر اننگز کا دوبارہ آغاز کیا، کریز پر موجود اذان اویس نے 84 اور عبداللّٰہ فضل نے 37 رنز کے ساتھ اپنی اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا لیکن اپنے پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے اذان اویس پہلے ہی سیشن میں 210 کے مجموعی اسکور پر 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اذان اویس کیرئیر کے پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے پاکستان کے 14 ویں بیٹر بن گئے، جنہوں نے 153 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی۔

اوپنرز کی وکٹ گرتے ہی قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن لڑ کھڑا گئی اور تیسری وکٹ 226 رنز پر گرگئی جب کپتان شان مسعود 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جس کے اگلے ہی اوور میں 227 رنز پر پاکستان کی چوتھی وکٹ بھی گر گئی جب سعود شکیل صفر پر آؤٹ ہوئے۔

اس کے علاوہ پاکستان کےعبداللہ فضل نے بھی کیرئیر کے پہلے ہی ٹیسٹ میں ففٹی اسکور کی اور 230 کے اسکور پر عبداللہ فضل 60 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے اور یوں پاکستان کی 5 وکٹیں گرگئیں۔

میزبان ٹیم کے خلاف 230 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد سلمان علی آغا اور محمد رضوان نے ٹیم کا سہارا دیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان چھٹی وکٹ کی شراکت میں 119 رنز بنے، جس کے بعد 349 رنز کے اسکور پر محمد رضوان 59 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔

بارش کے سبب کھیل کافی دیر رکا رہا، کھیل دوبارہ شروع ہوا تو 353 کے مجموعی اسکور پر سلمان علی آغا 58 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد آنے کھلاڑیوں میں شاہین شاہ آفریدی 13، نعمان علی 2 اور حسن علی نے 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بنگلادیش کی جانب سے اسپنر مہدی حسن میراز نے 5، تیج الاسلام اور تسکین احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ناہید رانا نے ایک وکٹ لی۔

اس طرح کھیل کے تیسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 386 رنز  بناکر  آؤٹ ہوگئی جب کہ قومی ٹیم کو 27 رنز خسارے کا سامنا ہے۔ بنگلا دیش نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان 7 رنز بنا لیے۔

اس سے قبل پہلی اننگز میں بنگلادیش کی ٹیم 413 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ نجم الحسن شانتو 101، مومن الحق 91 اور مشفیق الرحیم 71 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔

پاکستان کے محمد عباس نے 5 اور شاہین آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ نعمان علی اور حسن علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔

Read Comments