منشیات فروش انمول عرف پنکی کے خلاف لاہور سے ایک اور مقدمہ سامنے آگیا

پنکی کے خلاف چوتھا مقدمہ سال 2024 میں لاہور کے تھانہ وحدت کالونی میں درج کیا گیا تھا: پولیس کا انکشاف
شائع 15 مئ 2026 10:38am

منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی کے خلاف درج مقدمات میں اضافہ ہوگیا ہے، جس کے بعد پولیس نے اُن کے گرد موجود نیٹ ورک اور پرانے مقدمات کی چھان بین کا دائرہ بھی وسیع کر دیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق انمول عرف پنکی کے خلاف ایک اور مقدمہ منظرِ عام پر آیا ہے، جس کے بعد انویسٹی گیشن ونگ نے پرانے ریکارڈ اور مختلف تھانوں میں درج مقدمات کا دوبارہ جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چوتھا مقدمہ سال 2024 میں لاہور کے تھانہ وحدت کالونی میں درج کیا گیا تھا۔ یہ مقدمہ ملزمہ صابراں بی بی کے خلاف درج ہوا، جس کے قبضے سے 20 گرام کوکین برآمد کی گئی تھی۔

مقدمے کے متن کے مطابق دورانِ تفتیش ملزمہ صابراں بی بی نے انکشاف کیا کہ برآمد ہونے والی منشیات اس نے کراچی میں موجود انمول عرف پنکی سے حاصل کی تھیں۔

اس بیان کے بعد پولیس نے انمول عرف پنکی کے مبینہ منشیات سپلائی نیٹ ورک کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ سنگین نوعیت کے الزامات اور متعدد مقدمات سامنے آنے کے باوجود انمول عرف پنکی کو اس مقدمے میں بھی اشتہاری قرار نہیں دیا گیا تھا، جس پر اب قانونی پہلوؤں کا ازسرِ نو جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق انویسٹی گیشن ونگ مختلف مقدمات میں سامنے آنے والے شواہد اور بیانات کو یکجا کر کے مزید قانونی کارروائی آگے بڑھا رہا ہے، جبکہ متعلقہ ادارے بھی معاملے کی نگرانی کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ’کوکین کوئین‘ کے نام سے شہرت پانے والی انمول عرف پنکی کو 12 مئی کو پولیس اور ایک وفاقی ادارے کی مشترکہ کارروائی کے دوران کراچی کے علاقے گارڈن سے گرفتار کیا گیا تھا۔

گرفتاری کے بعد جب ملزمہ کو عدالت میں پیشی کے لیے لایا گیا تو اس کے پُرتعیش اور غیرمعمولی انداز کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں، جنہوں نے معاملے کو مزید توجہ کا مرکز بنا دیا۔

اسی دوران ملزمہ کی مبینہ آڈیو ریکارڈنگز بھی منظرِ عام پر آئیں، جن میں وہ گاہکوں سے مبینہ طور پر منشیات کے سودے طے کرتی سنائی دی۔

ان آڈیوز کے بعد تحقیقات میں یہ انکشاف سامنے آیا کہ انمول عرف پنکی مبینہ طور پر اربوں روپے مالیت کے منشیات نیٹ ورک کی مرکزی کردار ہے، جس کا دائرہ کراچی سے لاہور تک پھیلا ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس نیٹ ورک میں اس کے قریبی رشتہ دار، خصوصاً بھائی بھی شامل ہیں جبکہ منشیات کی ترسیل کے لیے خواتین بائیک رائیڈرز کو استعمال کیے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

تحقیقاتی رپورٹس کے مطابق انمول عرف پنکی نہ صرف منشیات کی سپلائی بلکہ کوکین کی تیاری میں بھی مہارت رکھتی ہے اور اس نے مبینہ طور پر اپنا الگ برانڈ متعارف کرا رکھا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اس کے گاہکوں میں بااثر اور معروف شخصیات بھی شامل رہی ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمہ نے دعویٰ کیا کہ اس کا سابق شوہر بین الاقوامی منشیات گینگ سے وابستہ تھا، جس کے ذریعے وہ اس غیرقانونی کاروبار میں داخل ہوئی اور بعد ازاں اپنا علیحدہ نیٹ ورک قائم کر لیا۔

کراچی پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمہ مختلف تھانوں میں درج کم از کم 10 مقدمات میں نامزد اور مفرور قرار دی جا چکی ہے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق اسے پہلی مرتبہ 2018 میں گرفتار کیا گیا تھا، تاہم مبینہ اثر و رسوخ کے باعث وہ جلد ضمانت پر رہا ہوگئی۔ بعد ازاں لاہور اور انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) میں درج مقدمات بھی سامنے آئے، جس کے بعد کیس کی حساسیت مزید بڑھ گئی ہے۔

Read Comments