پاکستان میں محرم کا چاند نظر آیا یا نہیں؟ اعلان ہوگیا

وزارت مذہبی امور نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
شائع 15 جون 2026 09:04pm

رویت ہلال کمیٹی نے پاکستان میں ماہ محرم الحرام 1448 ہجری کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا ہے، جس کے بعد یکم محرم الحرام 17 جون بروز بدھ اور یوم عاشور 26 جون بروز جمعے کو ہوگا جب کہ وزارت مذہبی امور نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

پیر کو ماہِ محرم الحرام 1448 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس بادشاہی مسجد لاہور میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی، زونل کمیٹی کے ممبران سمیت وزارت مذہبی امور، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، سپارکو کے ممبران بھی شریک ہوئے جب کہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر منعقد ہوئے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبد الخبیر آزاد نے پاکستان میں ماہ محرم الحرام 1448 ہجری کے چاند متعلق اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں کہیں سے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی، جس کے بعد اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ یکم محرم الحرام 1448 ہجری 17 جون بروز بدھ جب کہ یوم عاشور 26 جون بروز جمعہ ہوگا۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں امن کو برقرار رکھنے کے لیے ہر کسی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اسلام ہمیں اتحاد کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے نبی نے فرمایا حسن اور حسین جنت کے جوانوں کے سردار ہیں، ہمیں ان کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے کسی کی دل آزاری سے بچنا چاہیے۔

بعد ازاں وزارت مذہبی امور نے محرم الحرام کے آغاز سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے مطابق ملک بھر میں یکم محرم 17 جون بروز بدھ کو ہوگی۔

اس سے قبل محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ چاند کی پیدائش آج صبح 7 بج کر 54 منٹ پر ہوئی ہے، چاند کی عمر 7 بج کر 52 منٹ تک 11 گھنٹے 45 منٹ ہے جو نظر آنے کے لیے ناکافی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ چاند دیکھنے کے لیے عمر 21 گھنٹے 20 منٹ ہونی چاہیے اس لیے آج چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔

Read Comments