اب پاس ورڈ کے بغیر بھی گوگل اکاؤنٹ تک رسائی، سیلفی ویڈیو کا نیا فیچر متعارف

اس فیچر کا مقصد گوگل صارفین کو اکاؤنٹ تک رسائی کا ایک آسان اور محفوظ متبادل فراہم کرنا ہے۔
شائع 24 جولائ 2026 01:14pm

گوگل نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا سائن اِن فیچر متعارف کرایا ہے۔ اگر آپ اپنے گوگل اکاؤنٹ کا پاس ورڈ بھول جائیں، آپ کا فون گم ہو جائے یا اپنے معمول کے ڈیوائس تک رسائی نہ رہے تو لاگ اِن ہونے یا اکاؤنٹ دوبارہ حاصل کرنے کے لیے سیلفی ویڈیو استعمال کر سکیں گے۔

گوگل کا کہنا ہے کہ اس اختیاری فیچر کا مقصد صارفین کو اکاؤنٹ تک رسائی کا ایک آسان اور محفوظ متبادل فراہم کرنا ہے۔ اس کے لیے ابتدائی مرحلے میں صارف کو ایک مختصر رہنمائی کے مطابق اپنی سیلفی ویڈیو ریکارڈ کرنا ہوگی، جس میں مختلف زاویوں سے چہرے کی حرکت شامل ہوگی تاکہ شناخت زیادہ درست طریقے سے کی جا سکے۔

بعد ازاں جب صارف کو اپنے اکاؤنٹ میں لاگ اِن کرنے یا اسے بحال کرنے کی ضرورت پیش آئے گی تو وہ ایک نئی لائیو سیلفی ویڈیو ریکارڈ کرے گا۔ گوگل کے مطابق یہ ویڈیو پہلے سے محفوظ اور انکرپٹڈ ویڈیو سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے میچ کی جائے گی۔

اس عمل میں ”لائیونیس ڈیٹیکشن“ نامی سیکیورٹی نظام استعمال کیا جائے گا، جس کا مقصد یہ جانچنا ہے کہ ویڈیو کسی حقیقی شخص کی ہے اور اسے مصنوعی ذہانت یا ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار نہیں کیا گیا۔

کمپنی کے مطابق یہ فیچر ’پاس کیز‘ جیسے جدید سائن اِن طریقوں کے ساتھ متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ صارفین کو اکاؤنٹ تک رسائی کے مزید محفوظ اور آسان متبادل فراہم کیے جا سکیں۔

گوگل کے مطابق صارفین اپنی محفوظ کی گئی سیلفی ویڈیو کسی بھی وقت حذف یا ڈیلیٹ کر سکتے ہیں۔ فی الحال یہ سہولت مرحلہ وار اہل ذاتی گوگل اکاؤنٹس کے لیے جاری کی جا رہی ہے، لہٰذا تمام صارفین فوری طور پر یہ سہولت نہیں پاسکیں گے۔

Read Comments