سعودی عرب نے عراق سے ہونے والے ڈرون حملے ناکام بنا دیے
سعودی عرب نے عراق کی جانب سے آنے والے متعدد ڈرون حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ سعودی وزارتِ دفاع کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ریاض اور مشرقی ریجن میں واقع اہم پٹرولیم تنصیبات کو نشانہ بنانے والے ڈرونز تباہ کر دیے۔
سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ عراق کی جانب سے آنے والے متعدد ڈرونز کو فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے تباہ کر دیا، جو مشرقی ریجن اور دارالحکومت ریاض میں واقع اہم تیل تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔
سعودی وزارتِ دفاع کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے اپنے بیان میں کہا کہ مملکت اپنی سرزمین، عوام اور اہم قومی تنصیبات کے دفاع کا مکمل اور جائز حق رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اس حملے کا مناسب جواب دینے کا حق بھی محفوظ رکھتا ہے اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
ترجمان کے مطابق توانائی کی تنصیبات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
سعودی حکام نے فوری طور پر حملے میں ملوث عناصر یا ڈرونز کی تعداد سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم واقعے کے بعد حساس تنصیبات کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔