اٹارنی جنرل پاکستان کے گھر چھاپہ مارنے پر ایس ایچ او سمیت 11 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج
لاہور میں اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور اعوان کے گھر پر چھاپہ مارنے پر ایس ایچ او سمیت 11 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جب کہ متعلقہ اہلکاروں کو چارج شیٹ بھی کر دیا گیا ہے۔
اٹارنی جنرل کے ڈرائیور عرفان نے بتایا کہ پولیس نے چھاپہ مارا تو صرف ملازم گھر پر تھے، پولیس اہلکاروں نے گھر کے باہر رکھے گملے بھی توڑ دیے، پولیس پارٹی جاتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کا سسٹم بھی ساتھ لے گئی تھی۔
اطلاع ملنے پر اٹارنی جنرل آف پاکستان میٹنگ سے فارغ ہوکر واپس گھر پہنچے تو پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج ڈیلیٹ کرکے ڈی وی آر واپس کرگئی۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سرور روڈ کی قیادت میں پولیس پارٹی 27 جولائی کی شام 6 بجے گیٹ پھلانگ کر اٹارنی جنرل پاکستان منصور اعوان کے گھر میں داخل ہوئی اور وہاں موجود ملازمین کو ہراساں کیا۔
پولیس کے مطابق اٹارنی جنرل کے ساتھ والے گھر میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع تھی لیکن غلطی سے وہ اٹارنی جنرل کے گھر میں داخل ہوگئے۔
پولیس نےایس ایچ او سرور روڈ عرفان سمیت 11 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں چارج شیٹ کر دیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق پولیس نے چھاپہ مار کر اختیارات سے تجاوز کیا۔
دوسری جانب ایس ایچ او سرور روڈ نے مقدمہ درج ہونے کے بعد عدالت سے عبوری ضمانت بھی کرالی ہے۔