لاہور میں پولیس پر فائرنگ: چند گھنٹوں میں سب انسپکٹر سمیت 3 اہلکار شہید
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پولیس پر فائرنگ کے یکے بعد دیگرے 2 واقعات نے تشویش بڑھا دی ہے، بادامی باغ تھانے کی حدود میں اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائی کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں سب انسپکٹر سمیت 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے جب کہ نواں کوٹ میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید اور 3 اہلکار اور ایک راہگیر زخمی ہوئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق لاری اڈا پولیس کی ٹیم نے بادامی باغ کے علاقے میں اشتہاری ملزمان کے خلاف ریڈ کیا، جہاں ملزم ریحان نے مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں سب انسپکٹر عدیل اورہیڈ کانسٹیبل اسد موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد ملزم ریحان موقع سے فرار ہوگیا جب کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقےمیں ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم ریحان کا بھائی فیضان کچھ عرصہ قبل مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا جب کہ فیضان پر ایک سے زائد پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کرکے شہید کرنے کا الزام تھا۔
پولیس نے بادامی باغ فائرنگ واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں جب کہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں۔
نواں کوٹ میں بھی پولیس اہلکاروں پر فائرنگ
دوسری جانب بادامی باغ میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کے بعد لاہور کے علاقے نواں کوٹ میں بھی پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، فائرنگ کے اس واقعے میں حارث سلیم نامی اہلکار شہید جب کہ اویس، شفیق اور اعظم زخمی ہوئے جب کہ فائرنگ سے ایک راہگیر بھی زخمی ہوا۔
فائرنگ کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار اور ایک راہگیر زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
آج نیوز نے نواں کوٹ میں پیش آنے والے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے، جس میں ملزمان کو پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔
دونوں واقعات کے بعد پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری اور واقعات کی مزید تحقیقات کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا اظہار افسوس
ادھر پولیس اہلکاروں کی شہادت کے افسوسناک واقعے پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
فیصل کامران کا کہنا ہے کہ شہید اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جانے دی جائے گی اور واقعے میں ملوث ملزمان کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا۔