پنجاب:بلدیاتی الیکشن ،ن لیگ کا پلڑا بھاری

شائع 18 دسمبر 2015 05:46am

پنجاب کے مختلف اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے تین مراحل میں خالی رہ جانے والی نشستوں پر بھی مسلم لیگ نواز کا پلڑا بھاری رہا۔ جیت کی خوشی میں کارکنوں نے بھنگڑے ڈالے اور مٹھائی تقسیم کی۔

بلدیاتی انتخابات کے تین مراحل کے دوران مختلف وجوہات کی بناء پر خالی رہ جانے والی نشستوں پر پولنگ کا عمل مجموعی طور پر پرامن رہا۔لاہور کی پانچوں نشستوں پر نون لیگ نے میدان مار لیا۔جیتنے والے امیدواروں کا کہنا ہے کہ وہ علاقائی مسائل کی طرف توجہ دیں گے۔

ملتان کی تینوں نشستوں پر نون لیگ نے کلین سویپ کرلیا جبکہ اوکاڑہ کی تین میں سے دو نشستوں پر نون لیگ سبقت لے گئی اور ایک نشست پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل لی۔

شیخوپورہ میں ایک نشست نون لیگ اور ایک آزاد امیدوار نے حاصل کرلی۔فیصل آباد میں دو نشستیں آزاد اور ایک نون لیگ نے حاصل کی جبکہ بہاولنگر میں تین نشستوں پر آزاد،ایک پر نون لیگ اور ایک پر مسلم لیگ ضیاء نے کامیاب حاصل کی۔دیگر اضلاع میں بھی نون لیگ کا پلڑا بھاری رہا۔

اکیس اضلاع میں سے صرف فیصل آباد میں ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جہاں خواتین سے مبینہ بدتمیزی پر ووٹرز نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

Read Comments