پاک ایران دوستی بہت اہم ہے،چوہدری نثار

شائع 03 اپريل 2016 06:49am

اسلام آباد:وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کہتے ہیں جاسوس کا مسئلہ بھارت اور را سے ہے ایران سے نہیں، پاک ایران دوستی بہت اہم ہے، دہشتگردی کے پیچھے ایرانی معاونت کا سوچا بھی نہیں جاسکتا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ چوہری نثارعلی خان نے برادر ملک ایران کا بھرپور دفاع کیا۔ انہوں نے کہا ایران نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ ہم سوچ بھی نہیں سکتے کہ پاکستان میں کسی قسم کی تخریب کاری میں ایران کی معاونت ہوسکتی ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا بھارتی جاسوس کی گرفتاری کے بعد ایرانی رہبر کے کارٹون بنائے گئے، ایران کا مذاق اڑایا گیا۔ تاثر دیا گیا کہ تمام دہشتگردی ایران کی آنکھوں کے نیچے ہوئی ہے۔ جو برادرملک کے ساتھ تعلقات پر منفی اثر ڈال رہا ہے۔

واضح ہو کہ بھارتی جاسوس کل بھوشن کی ایران سے پاکستانی سرحد میں داخلے، اس کے پاس سے ایران پاسپورٹ کی برآمدگی اور چاہبار میں اسکے مرکز کے اعتراف پر ملک بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔

اس اعتراف کے بعد خود وزارت داخلہ نے ایران کو خط لکھا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ کل بھوشن کے ساتھی راکیش کو بھی گرفتار کرکے پاکستان کے حوالے کیا جائے اور را کے نیٹ ورک سے متعلق بھی معلومات فراہم کی جائیں۔

اس سے قبل آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی ایرانی صدر حسن روحانی کے دورہ پاکستان کے موقع پرکل بھوشن کا معاملہ ان کے سامنے اٹھایا تھا۔

اس ڈیولپمنٹ کے بعد ایرانی حکام بھی کہہ چکے ہیں کہ بھارتی جاسوس کی گرفتاری کی خبروں کو جس انداز میں پیش کیا جارہاہے اس سے پاک ایران دوستی پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

Read Comments