شائع 03 اپريل 2016 04:49pm

نازیہ حسن کا یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے

کراچی :معروف گلوکارہ نازیہ حسن کا آج یوم پیدائش ہے۔ ان کے گائے ہوئے گیت آج بھی مقبول ہیں ۔انیس سو پچھتر میں گلوکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والی نازیہ حسن نے اپنے کیریئر کا آغاز پی ٹی وی کے پروگرام کلیوں کی مالا سے کیا۔جہاں انہوں نے گانا دوستی ایسا ناتا گایا۔

انیس سو پینسٹھ میں پیدا ہونے والی گلوکارہ کی پہلی البم ڈسکو دیوانے انیس سو اکیاسی میں دنیا بھر میں ریلیز کی گئی اور جلد ہی چودہ ممالک میں مقبول ہونے کے بعد اشیا کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی البم کا اعزاز حاصل کرلیا۔

نازیہ حسن کے مشہور گانوں میں دوستی،ڈسکو دیوانے ،آنکھیں ملانے والے،بوم بوم اور دل لگی شامل ہے جو آج بھی مداح گنگناتے ہیں۔نازیہ حسن نے بالی ووڈ فلم قربانی کیلئے بھی آپ جیسا کوئی گانا گایا جس کیلئے انہیں فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔نازیہ حسن نے اپنے بھائی زوہیب حسن کے ساتھ پاکستان میں پاپ میوزک کا آغاز کیا جس کے باعث گلوکارہ کو پاپ میوزک کا بانی بھی تصور کیا جاتا ہے۔

گلوکارہ کو انکی فنی خدمات کی وجہ سے متعدد قومی اور بین الاقوامی ایوارڈ دئے گئے۔نازیہ حسن کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔نازیہ حسن پچیس سال تک گائیکی کی دنیا پر راج کرتی رہیں اور سن دوہزار میں ان کا انتقال ہوگیا ۔

Read Comments