آپ نے یقینا دیکھا ہو گا کہ جب بھی نئے جوتے یا کوئی کھلونا یو کوئی بھی چیز جو بجلی سے چلتی ہے خرید کر لاتے ہیں تو اس ڈبے میں ننھی ننھی تھیلیاں رکھی ہوتی ہیں، انہیں سلیکا جیل کی تھیلیاں کہا جاتا ہے اور ان میں سلیکون ڈائی آکسائیڈ کی گولیاں ہوتی ہیں، جو اپنے گرد موجود کسی بھی چیز کو فوری طور پر خشک کردیتی ہیں، جن پر لکھا ہوتا ہے کہ اسے بچوں سے دور رکھیں یا اسے مت کھائیں۔تمام والدین بچوں کو یہ ہی بتاتے ہیں کہ یہ زہر ہے، اور تقریبا ہر کوئی یہ سمجھتا ہو گا کہ یہ زہر ہے۔ پرحیرانگی کی بات یہ ہے کہ تمام تر انتباہ کے باوجود یہ زہریلی نہیں ہوتیں ، ہاں اسے کھانا ضرور خطرے کا باعث بن سکتا ہے کیوں کہ یہ سانس کی نالی میں پھنس سکتا ہے ۔ اس لئے اسے کھانے سے منع کیا گیا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ یہ بہت ہی کارآمد چیز ہیں۔ یہ نہ صرف ڈبے میں موجود آپ کی مصنوعات کو خشک اور تازہ دم رکھتی ہیں بلکہ نمی کو غیر معمولی انداز میں ختم بھی کرتی ہیں۔ آپ انہیں اپنی روزمرہ زندگی میں اس طرح استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ ننھی سے تھیلیاں آپ کے وقت، توانائی اور پیسے کی بڑی بچت کر سکتی ہیں۔
۔فون گیلا ہوا تو نو پرابلم
اگر آپ کو فون پانی میں گر گیا ہے تو گھبرائے مت ۔ فون بند کیجیے، سلیکا جیل کی ایک بوتل کے اندر فون ڈال دیجیے اور پورے رات رکھے رہنے کے بعد صبح اپنا فون مکمل طور پر خشک پائیے۔
۔ گاڑی کے شیشے پر موجود دھند ختم کیجیے
ونڈ اسکرین کے پاس سلیکا جیل کی چند تھیلیاں رکھ دیں، یہ تھلیاں اسکرین کو خشک رکھیں گی چاہے موسم کیسا ہی کیوں نہ ہو۔
۔ ریزر کی زندگی بڑھائیں
اپنے ریزر کو آئندہ ایسے ڈبے میں رکھے جہاں سلیکا جیل کی چند تھیلیاں بھی موجود ہوں، پھر اپنے ریزر کی زندگی دیکھیں۔
۔ اپنے سفری تھیلے کو تازہ دم رکھیں
اگر آپ جم جاتے ہیں، یا سفر کرتے رہتے ہیں تو اندازہ ہوگا کہ پسینہ سے شرابور یا میلے کپڑے رکھنے سے تھیلے کے اندر بدبو سی آ جاتی ہے۔ سلیکا جیل کی تھیلیاں یہاں بھی آپ کے کام آئیں گی۔
۔اپنی پرانی تصاویر بچائیں
ہم اپنی پرانی تصاویر کو زیادہ تر ایسی جگہوں پر رکھتے ہیں جہاں وہ وقت کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے سے چپک جاتی ہیں یا خراب ہو جاتی ہے۔ انہیں سلیکا کی ننھی تھیلیوں کے ساتھ ایک ڈبے میں رکھ دیں، یہ بہت لمبے عرصے تک خشک اور محفوظ رہیں گی۔