پاک فوج قومی اعتماد پرہمیشہ پوری اترے گی ،راحیل شریف

شائع 04 اپريل 2016 02:07pm

پبی :آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاک فوج قوم کے غیرمتزلزل اعتماد پرہمیشہ پوری اترے گی۔ پاکستان آرمی جسمانی مضبوطی ، ذہنی چستی اورفوری جوابی کاروائی کی صلاحیتوں کیساتھ دنیا کی بہترین فوج ہے۔ قومی حمیت وجذبہ ایثار پاک افواج کوناقابل شکست بناتا ہے۔

آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پبی میں جاری پاک آرمی ٹیم سپرٹ مقابلوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ پانچ روزہ ٹیم سپرٹ مقابلے ایک مارچ کومنگلا کے دشوارگزارپہاڑی خطے میں شروع ہوئے۔ مقابلوں میں پاکستان آرمی کی تمام کورزکیساتھ ساتھ سری لنکن فوج کی ٹیم نے عملی اورچین،سعودی عرب، سری لنکا، قزاقستان اورمالدیپ سمیت چھ ممالک کے سولہ افسران نے بحیثیت مندوبین شرکت کی۔

اختتامی تقریب سے خطاب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہاکہ جسمانی مضبوطی اور منظم کاوشیں کامیابی کیلئے انتہائی اہم ہیں۔مختلف قسم کی موسمی ، جغرافیائی اور مشکلات سے بھرپورماحول کا مقابلہ ہی کسی فوج کو سخت جان سپاہ میں تبدیل کرتا ہے۔ پاکستان آرمی جسمانی مضبوطی ، ذہنی چستی اور فوری جوابی اْمورکے اعتبار سے دنیا کی بہترین فوج ہے، پاک افواج کاقومی حمیت اور جذبہ ایثاراِسے ناقابل شکست فوج بناتا ہے۔ قوم کا غیرمتزلزل اعتماد پاک افواج کا قیمتی اثاثہ ہے اورپاک افواج قوم کے اعتماد پرہمیشہ پوری اتریں گی۔

آرمی چیف نے بین الاقوامی افواج کے مہمانان خصوصاً سری لنکن فوج کی مقابلوں میں شمولیت کو سراہا۔ چیمپئن شپ میں منگلا کور کی ٹیم بہترین کاکردگی پر طلائی تمغے کی حقدار قرار پائی جبکہ جنوبی کمانڈ اور سری لنکن ٹیم نے مساوی طور پر چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔

Read Comments