ممبئی: ٹیکس چوری اور اثاثے بیرون ملک رکھنے کا اسکینڈل پانامہ لیکس کا راز جب سے فاش ہوا ہے پوری دنیا میں ہلچل مچ گئی ہے،دنیا بھر کے بڑے بڑے نام اس اسکینڈل کی زد میں آگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پانامہ لیکس میں دنیا بھر کی بااثر شخصیات جن میں مختلف ممالک کے وزرائے اعظم اور شوبز انڈسٹری کے بڑے بڑے نام شامل ہیں کے رازافشا ہونے پر سب پر مصیبتوں کے پہاڑ ٹوٹ پڑے ہیں۔
بولی وڈ بھی اس اسکینڈل کی زد میں آنے سے نہیں بچ سکا ہے ،بھارتی فلم انڈسٹری کے میگا اسٹار امیتابھ بچن اور ان کی بہو اداکارہ ایشوریا رائے کے نام بھی اس لیک میں شامل ہیں۔
پانامہ رپورٹ کے مطابق امیتابھ بچن چار غیر ملکی شپنگ کمپنیوں کے مالک ہیں جن کے ذریعے اربوں ڈالرز کی تجارت ہوتی ہے،جبکہ ایشوریا بھی کسی سے کم نہیں ہیں،ان کے والد،والدہ اور بھائی کے بارے میں رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ وہ دو ہزار پانچ میں امیک نامی کمپنی کے ڈائریکٹرز کے طور پر رجسٹرڈ ہوئے۔
بعد ازاں ایشوریا بھی اس کا حصہ بن گئیں اور دو ہزار آٹھ میں انہیں شئیر ہولڈرز کا عہدہ دے دیا گیا،رپو ر ٹ سامنے آتے ہی تمام بڑی شخصیات پریشانی کا شکار ہوگئی ہیں۔