ممبئی:بولی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے لیکن ان کے بارے میں ایک حیرت انگیز بات جان کر آپ شدید حیرت کا شکار ہو جائیں گے کہ ان کی آنے والی فلم فین کا آئیڈیا ان کا پنا نہیں تھا بلکہ کسی اور کا تھا۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق اداکار شاہ رخ خان کلرز کے مزاحیہ شو کامیڈی نائٹ بچاﺅمیں اپنی فلم فین کی تشہیر کے سلسلے میں موجود تھے اس دوران انہوں نے لوگوں کو اپنی فلم کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ یہ آئیڈیا ان کا نہیں بلکہ معروف فلمساز مرحوم یش چوپڑا کا تھا۔
شاہ رخ نے مزید کہا کہ یش چوپڑا نے دس سال قبل اس خیال کا اظہار کیا تھا ،لیکن مصروفیات کے باعث میں اس پر عمل نہ کر سکا ،مگر اب موقع ملنے پر میں نے اس پر فلم بنا لی ۔
واضح رہے کہ فلم فین کی کہانی ایک ایسے انسان کے گرد گھومتی ہے جس کی شکل مشہور اداکار سے کافی حد تک ملتی ہے اور وہ اس کا فائدہ اٹھاتا ہے،فلم رواں ماہ پندرہ اپریل کو نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔