نئی دہلی: دوہزار دو ہٹ اینڈ رن کیس کی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے سپریم کورٹ میں ایفیڈیوٹ جمع کرایا ہے جس میں موٴقف اختیار کیا ہے کہ انہیں اس معاملے میں غلط شامل کیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی زرائع کے مطابق بچاس سالہ اداکار نے موٴقف اختیار کیا ہے کہ پولیس انہیں اس کیس میں غلط شامل کر رہی ہے۔ ایفیڈیوٹ میں انکا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت نہ ہی وہ گاڑی چلا رہے تھے نہ ہی نشے میں تھے۔ گاڑی انکا ڈرائیور اشوک سنگھ چلا رہا تھا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ انکے ڈرائیور نے حادثے کے بعد پولیس کنٹرول روم کال کی اور اپنا بیان ریکارڈ کرانے پولیس اسٹیشن گئے، پولیس نے انکے ڈرائیور کا بیان یہ کہہ کر ریکارڈ کرنے سے انکار کردیاکہ ان پر سلمان خان کو گرفتار کرنے کے لیے دباوٴ ہے۔
بالی ووڈ سپر اسٹار پردوہزار دو میں ممبئی باندرا میں نشے میں گاڑی چلانے کی صورت میں ہونے والے حادثے کے سبب ایک شخص کی موت اور چار کے زخمی ہونے کا الزام ہے ۔ جبکہ بمبئی ہائیکورٹ نے انہیں اس الزام سے بری کر دیا تھا، جس پر مہاراشٹرا حکومت نے بمبئی ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف ایپکس کورٹ میں پٹیشن دائر کردی تھی۔