پاک فوج کا جنوبی پنجاب میں بھرپور آپریشن جاری

اپ ڈیٹ 06 اپريل 2016 07:00pm

راولپنڈی:آپریشن ضرب عضب کے غضب سے بچنے کیلئے ملک کے مختلف حصوں سے دہشتگردوں نے راہ فرار اختیار کیا اور جنوبی پنجاب میں روپوش ہوگئے، قوم کے ان ناسوروں کے قلع قمع کیلئے پاک فوج جنوبی پنجاب میں بھرپور آپریشن کررہی ہے۔

آپریشن ضرب عضب نے دہشتگردوں پر کاری ضرب لگائی اور انکے انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچایا، اس آپریشن سے بچنے کیلئے متعدد دہشتگردوں نے جنوبی پنجاب کا رخ کیا اور پسماندہ علاقوں میں روپوش ہوگئے،ان دہشتگردوں کا صفایا کرنے کیلئے پاک فوج جنوبی پنجاب میں بھرپور آپریشن کررہی ہے۔

اس آپریشن کی تصدیق کرتے ہوئے آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج کو اس آپریشن میں رینجرز، پنجاب پولیس اورمحکمہ انسداد دہشتگردی کا بھی بھرپورتعاون حاصل ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کے بعد بیشتردہشت گردوں نے رحیم یارخان میں بھی خفیہ پناہ گاہیں قائم کیں،ان دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے پنجاب میں بھرپورآپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ تیر بہ ہدف آپریشن دہشتگرد ،جرائم پیشہ اورشرپسند عناصر کیخلاف ہے۔

Read Comments