کراچی:پی ایس 115میں پولنگ جاری

شائع 07 اپريل 2016 05:24am

کراچی :کراچی میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس ایک سو پندرہ میں ضمنی انتخاب میں پولنگ کا عمل جاری ہے، جہاں ایک لاکھ باسٹھ ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے سابق رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر ارشد وہرا کی خالی کی گئی نشست پر پولنگ شروع ہوچکی ہے،پی ای سی ایچ ایس، خداداد کالونی، لائنز ایریا اور ملحقہ علاقوں پر مشتمل اس حلقے میں ایک لاکھ باسٹھ ہزار چھ سو چودہ رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں نوے ہزار چار سو تیرہ مرد اور بہتر ہزار دو سو ایک خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

سندھ اسمبلی کی خالی نشست پر ضمنی انتخابات کے لیے چودہ امیداوار میدان میں ہیں، پولنگ کے لیے خواتین اور مردوں کے تین سو بتیس الگ الگ، جبکہ تراسی پولنگ اسٹیشنز مشترکہ قائم کئے گئے ہیں، جبکہ انتخابی عمل کے لیے سات سو سے زائد افراد پر مشتمل پولنگ عملہ تعینات ہے۔

Read Comments