شائع 07 اپريل 2016 07:34am

راکھی ساونت کا پنکھوں کیخلاف انوکھااحتجاج

ممبئی:بولی وڈ کی معروف اور متنازعہ اداکارہ راکھی ساونت نے حال ہی میں ایک پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ پورے بھارت میں چھت کے پنکھوں پر پابندی عائد کردی جائے،ان کے اس انوکھے مطالبے کی وجہ پرتیوشا بینرجی کی خودکشی ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت میں اداکاری سے زیادہ بے لاگ تبصروں کے حوالے سے مشہور اداکارہ راکھی ساونت نے پریس کانفرنس کی ،انہوں نے اپنی پریس کانفرنس میں بھارت میں بڑھتا ہواخودکشی کا رجحان چھت کے پنکھوں کو قرار دیا۔

انہوں نے اپنی قریبی سہیلی پرتیوشا بینر جی کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ بھارت میں چھت کے پنکھوں پر پابندی عائد کی جائے کیونکہ ان پنکھوں کے ذریعے ہی لوگ خود کشی جیسا قدم اٹھانے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے لوگوں کو چھت کے پنکھوں کی جگہ ٹیبل فین اور اے سی استعمال کرنے کا مشورہ دیا ،صحافی کی جانب سے پو چھے گئے سوال کہ غریب آدمی کس طرح اے سی خرید سکتا ہے کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ لوگ ٹیبل فین استعمال کریں۔

اس کے علاوہ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر فیصلہ کیا ہے کہ ہم پانچ ہزار غریب لوگوں کو اپنے پاس سے ٹیبل فین دیں گے ،انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ماں اپنی بیٹی سے،بھائی اپنی بہن سے پیار کرتا ہے تو فوراً گھر سے پنکھے ہٹا دے۔

Read Comments