پنجاب پولیس اوررینجرزکا مشترکہ آپریشن، 100سہولت کارگرفتار

شائع 07 اپريل 2016 10:22am

روجھان:راجن پور کی تحصیل روجھان میں کچے کے علاقے میںپنجاب پولیس،سی ٹی ڈی اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن جاری ہے۔آپریشن میں100 سہولت کار گرفتار اور چار دہشت گرد زخمی ہوچکے ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آپریشن میں ڈی جی خان ریجن کے1600 پولیس اہلکار ، ایلیٹ کمانڈوزاور پنجاب رینجرز حصہ لے رہے ہیں۔جبکہ آپریشن کو پاکستان آرمی کا بھرپور تعاون بھی حاصل ہے۔

گزشتہ پانچ دنوں سے جاری آپریشن میں اب تک دہشت گردوں کے 100سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیاجبکہ چار دہشتگرد زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق علاقے میں موجود دہشتگردوں کی تعداد100کے قریب ہے جو جدید ترین ہتھیاروں سے لیس ہیں۔آپریشن کے دوران دوسرے صوبوں سندھ اور بلوچستان کے ساتھ ملحقہ بارڈرزکی سخت ناکہ بندی کرکے عارضی پولیس چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں۔ جبکہ دریائی راستوں کی بھی ناکہ بندی کر دی گئی۔

آئی جی پنجاب،مشتاق احمد سکھیراکی جانب سے فیلڈ افسران کو کچے کے علاقے میں جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

Read Comments