کراچی ضمنی الیکشن: غیر سرکاری نتائج کا سلسلہ جاری

شائع 07 اپريل 2016 05:13pm

کراچی:کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے دو سو پیتالیس اور صوبائی اسمبلی کے پی ایس ایک سو پندرہ پر ضمنی الیکشن کے ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ پولنگ کے دوران سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تاہم مختلف علاقوں میں صورتحال کشیدہ رہی، رینجرز اور پولیس کی نفری مختلف پولنگ اسٹیشنز پر تعینات رہی۔

کراچی کے حلقہ این اے دو سو پیتالیس اور پی ایس ایک سو پندرہ میں پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے شروع ہواجو بغیر کسی تعطل کے شام پانچ بجے تک جاری رہا۔

مختلف پولنگ اسٹیشنز پرشہریوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تاہم دونوں حلقوں میں ٹرن آوٹ انتہائی کم دیکھنے میں آیا، ووٹرز سیکورٹی انتظامات سے مطمئن نظر آئے۔

حلقہ دوسوپینتالیس نارتھ ناظم آباد فائیواسٹارچورنگی اورپہاڑگنج کے علاقے میں انتظامیہ نے انتخابی قوائد کی خلاف ورزی پرسیاسی جماعتوں کے کیمپ اکھاڑدیئے۔لائنز ایریا میں ایم کیوایم اور حقیقی کے کارکنوں میں تصادم ہوگیا، جس میں تین کارکن زخمی ہوگئے۔پولیس اور رینجرز کے موقع پر پہنچنے کے بعد کشیدگی ختم ہوئی۔ڈی جی رینجرزنے پی ایس ایک سوپندرہ کے مختلف پولنگ اسٹیشنزکا دورہ کیا اورسیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

کراچی کی قومی اور صوبائی نشستوں پر غیر سرکاری نتائج کا سلسلہ جاری ہے، دونوں حلقوں میں متحدہ قومی موومنٹ کو واضح برتری حاصل ہے۔

Read Comments