کراچی میں عمران خان کا گھوڑا خچر ثابت ہوا،رانا ثناءاللہ

شائع 07 اپريل 2016 05:27pm

لاہور:وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس میں کسی سپر پاور کے سیاستدان اور بزنس مین کے راز افشاں نہیں کئے گئے۔جنوبی پنجاب میں آرمی نہیں رینجر جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کر رہی ہے۔کراچی میں عمران خان کا گھوڑا خچر ثابت ہوا۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ چین اور جاپان کی ابھرتی ہوئی معیشت کو نقصان پہنچانے کی خاطر پانامہ لیکس کی بین الاقوامی سازش تیار کی گئی۔ آف شور کمپنیاں قائم کرنا کوئی جرم نہیں اور اگر ہے تو جن ممالک میں یہ کمپنیاں قائم ہیں وہاں کی حکومتوں کو قانون کے مطابق کارروائی کرنا چاہیے۔

کراچی کے حلقہ این اے دو سو پینتالیس سے تحریک انصاف کے امیدوار کی الیکشن سے دستبرداری پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے گھوڑے پر اب کوئی شرط لگانے کو بھی تیار نہیں۔ آئندہ انتخابات تک سب گھوڑے بھاگ جائیں گے۔

جنوبی پنجاب میں آپریشن کے حوالے سے وزیر قانون پنجاب کا کہنا تھا کہ پولیس اور رینجرز کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن میں مصروف ہیں۔آرمی کو صرف بیک اپ سپورٹ کے لیے رکھا گیا ہے۔

Read Comments