اپ ڈیٹ 09 اپريل 2016 10:56am

پرتیوشا کے غم میں ایک اورانسان نے خود کشی کرلی۔۔

ممبئی:بولی وڈ ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ پرتیوشا بینرجی کی خودکشی کے باعث پورا بھارت ان دنوں سوگوار ہے ،پرتیوشا کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان کی موت کی خبر سننے کے بعد ان کی مداح مدھو نے بھی خود کشی کر لی۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈرامے بالیکا ودھو کے کردار آنندی سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ نے چند روز پہلے خود کشی کرلی تھی ،اس خبر سے نہ صرف ان کے گھر والے بلکہ پوری انڈسٹری کو گہرا صدمہ پہنچاتھا۔

پرتیوشا کے مداحوں کی ان سے محبت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ریاست رائے پور کی رہنے والی چھبیس سالہ مدھو نے پرتیوشا کی خودکشی کی خبر سننے کے بعد خود بھی خود کشی کرلی۔

مدھو کے شوہر کا اس بارے میں کہنا ہے کہ پرتیوشا کی موت کی خبر سن کر میری بیوی سخت پریشانی کا شکار تھی وہ ان کی موت کو قبول نہیں کر سکی،اور ہمارے دو سالہ بیٹے کے سامنے پنکھے سے لٹک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری پسند کی شادی تھی اور میں اپنی بیوی سے بہت محبت کرتاتھا ،مجھے معلوم نہیں تھا کہ مدھوکی پرتیوشا سے غیر معمولی محبت بالآخر یہ رنگ لائے گی میں ابھی تک صدمے میں ہوں اور اپنی بیوی کی موت قبول نہیں کر پارہا ہوں۔

واضح رہے کہ پرتیوشانے رواں ماہ یکم اپریل کو خودکشی کے ذریعے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا ،ان کی فیملی اور قریبی دوستوں کے بیان کے مطابق وہ اپنے بوائے فرینڈ مکراند ملہوترا کے ساتھ خراب تعلقات کی بناءپر سخت پریشانی کا شکار تھیں۔

Read Comments