حکومتی فرض غریب بچوں کا اعلیٰ تعلیم دلوانا ہے ،شہباز شریف

شائع 08 اپريل 2016 04:52pm

لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کہتے ہیں کہ حکومت کا فرض ہے کہ غریبوں کے بچوں کو بھی وہی تعلیم دی جائے جو امراء کے بچوں کو دی جاتی ہے،تعلیمی اصلاحات کے اہداف حاصل کرنے کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کو حکومتی کاوشوں کا ساتھ دینا ہوگا۔

لاہور میں پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب کے عنوان سے سکولوں میں داخلہ مہم دو ہزار سولہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تعلیم کے فروغ کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کو حکومتی کاوشوں کا ساتھ دینا ہو گا کیونکہ سب کی شمولیت کے ساتھ ہی ہم اپنے اہداف حاصل کر سکتے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سروے کے مطابق باون فیصد انرولمینٹ کے اہداف حاصل کر چکے ہیں، سرکاری سکولوں میں تعلیم کا معیار نجی تعلیمی اداروں جیسا ہونا چاہیے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اساتذہ کی بھرتیاں میرٹ پر کی گئیں ہیں، متعلقہ اداروں کے سربراہان سے گزارش کرتا ہوں کہ تعلم کا زیور پہنانے کیلئے بچوں کو درسگاہوں میں پہچائیں، تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔

Read Comments